کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری امریکی صدر کو اپنی نالائقی پرمبنی سی وی پیش کرنے جارہے ہیں، کیونکہ بلاول امریکہ کی چاپلوسی سے اقتدار حاصل کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکا پر تنقید کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور سفارتکاری کیلئے بلاول زرداری خطرہ بن چکے ہیں، ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے ملکی خفیہ راز امریکہ کو دیئے اور بالائی علاقوں میں آپریشن کروائے تھے۔
خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ بلاول اور ان کے آبا جلتی پر تیل ڈالنے کا کام بخوبی جانتے ہیں، کیونکہ پی پی والے ملکی مفاد کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کے غلام ہیں۔ ڈرون حملوں پر وزیراعظم عمران خان نے ” نو مور ” کہا تھا بلاول بھٹو ” وائے ناٹ ” کہنے جارہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ حسین حقانی جیسے وطن فروشوں کو پی پی نے تھپکی دی، اقتدار کیلئے پی پی سیاست میں نچلی سطح پر گرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہے جتنا مرضی ایڑھی چوٹی کا زور لگا لے عمران خان اپنے 5 سال مکمل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے امریکہ اسرائیل اور بھارت کے خلاف پختہ فیصلے ہی پی ٹی آئی کی آئندہ حکومت بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا کی بھارتی قسم، این سی او سی نے سخت فیصلوں کا عندیہ دے دیا