اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی تعاون، علاقائی امن اور دو طرفہ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ پاکستان امریکاکے ساتھ تجارت،سرمایہ کاری اوردوطرفہ اقتصادی تعاون کےفروغ کا خواہاں ہے۔ وزیرخارجہ نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاک امریکا مربوط اور اعلیٰ سطح مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں بامقصد پیش رفت کے حصول کیلئے، دو طرفہ ربط اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی نےکورونا پھیلاؤ روکنے کیلئےامریکا کی معاونت پر امریکی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
اس حوالے سے شاہ محمود کا کہنا تھاکہ افغانستان میں قیام امن پردونوں ممالک کے نکتہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے اور پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔