کراچی: صوبائی حکومت نے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اس وقت ترجمان سندھ حکومت کے طور پر کام کر رہے ہیں جو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا مؤقف بحسن و خوبی بیان کرتے ہیں، حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کیے جانے کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے جاری ہونے کا امکان ہے۔ انہیں کراچی کا تباہ حال نظام درست کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے سی این جی کی قیمت میں اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سی این جی کی قیمت میں 17 روپے فی کلو کا اضافہ ظلم ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے 2 روز قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی این جی کا استعمال غریب اور متوسط طبقہ زیادہ کرتا ہے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں سی این جی بطور ایندھن زیادہ استعمال ہوتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت مہنگا نہ کرنے کا اعلان کرکے اچانک نرخ بڑھا دیتی ہے۔اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک میں صرف مہنگائی کا سونامی جوش مار رہا ہے،مرتضیٰ وہاب