کراچی میں لانڈھی نمبر 3 کی انڈے والی فرنچ فرائز ذائقے میں اپنی مثال آپ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ہلکی پھلکی بھوک میں لوگ ہلکا پھلکا کھانا پسند کرتے ہیں اور جہاں بات فرنچ فرائز کی ہو تو کراچی کے شہریوں نے بہت سی جگہوں پر فرنچ فرائز کھائے ہوں گے مگر لانڈھی نمبر 3 کے فرائز جیسا مزہ شائد آپ کو کہیں اور نہ ملے۔

کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 3 میں بابر مارکیٹ پر چپس اڈا کے نام سے قائم دکان پر لوگ دور دور سے انڈے والے فرنچ فرائز کھانے آتے ہیں۔

ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چپس اڈا کے مالک ذُنیر کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے آلو کے سادہ چپس تیار کرکے ان کو اچھی طرح سے پانی سے دھو لیا جاتا ہے جس کے بعد آلو کی چپس کو ہاف فرائی کیا جاتا ہے۔

ہاف فرائی کرنے کے بعد چپس کو ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیا جاتا ہے جس کے بعد اس چپس کو پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈال کر اچھی طرح سے مکس کرلیا جاتا ہے۔

اس مکسنگ کے بعد گرم تیل کی کڑاھی میں انڈے کی ٹاپنگ والی چپس کو فرائی کیا جاتا ہے۔ انڈے والے فرنچ فرائز کی سب سے بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ یہ خالص پکوان تیل میں تیار کی جاتی اور چربی کا استعمال بالکل نہیں کیا جاتا ہے۔

چپس اڈا کے مالک ذُنیر کا کہنا تھا کہ ہمیں یہاں کاروبار کرتے ہوئے 6 سال ہو گئے ہیں۔ لوگوں کو ہماری چپس بہت پسند ہے اس لیے لوگ دور دور سے اپنے عزیزواقارب کو بھی لے کر ہمارے چپس اڈا پر آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جو مصالحے چپس کے اوپر ڈالتے ہیں وہ بالکل بھی نقصان دہ نہیں ہیں کیونکہ وہ قدرتی اجزاء سے تیار کیے جاتے ہیں۔ چپس کے ساتھ کیچپ تو ہر کوئی کھاتا ہے مگر ہمارا تیار کردہ رائتہ اپنی مثال آپ ہے۔

انڈے والی چپس کی قیمت کی بات کریں تو وہ بھی زیادہ نہیں ہے۔ فی پلیٹ چپس کی قیمت 150 روپے سے شروع ہوتی ہے اور باقی جو گاہک مانگ کرے ویسے پلیٹ تیار کرکے پیش کردی جاتی ہے۔

انڈے میں پکنے کے بعد تیار ہونے والی چپس انتہائی کرسپی ہوتی اور اس کے ساتھ رائتہ اور کٹی مرچ اور کیچپ مزے کو مزید دوبالا کردیتا ہے۔

Related Posts