اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے کہاہے کہ بلاول بھٹو کے کشمیر اور آصف زر داری کے لاہور دورہ سے وزراء کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، افغانستان کے معاملے پر پارلیمان کا ان کیمرا بلایا جائے۔ پاکستانی قوم ملک کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات سے پی ٹی وی نہیں چل رہا اور کیا چلائیں گے۔ پاکستان میں غلیظ کام کرنے والوں کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنمائوں فیصل کریم کنڈی اور شازیہ مری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ بلاول بھٹو کے کشمیر کے دورے کے دوران وفاقی وزراء کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، بلاول بھٹو کے خلاف تقرریں شروع کردی گئیں، فواد چوہدری نے کہا کہ اگلی حکومت سندھ میں تحریک انصاف کی ہوگی، فواد چوہدری بتائیں کہ وہ اگلی انتخابی مہم کس پارٹی کی چلائیں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے لاہور کے دورے کے دوران حکومت کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، آصف زرداری کوئٹہ سمیت ملک کے ہر کونے میں جائیں گے، پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر اس سال بھی حکومت نے کارکردگی نہ دکھائی تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان کے معاملے پر حکومت سوئی ہوئی ہے، افغانستان کے معاملے پر پارلیمان کا ان کیمرا اجلاس بلاکر اعتماد میں لیا جائے۔ ملک میں امن ہے پیپلز پارٹی کی محنت کی وجہ سے ہے۔ حکومت آج تک اسامہ بن لادن کے حوالے فیصلہ نہیں کرسکے وہ شہید ہے یا نہیں ،وزیر خارجہ بھی اس میں کوئی کلیئر نہیں ہیں۔
شازیہ مری نے کہاکہ یہ عوام دشمن بجٹ ہے اور تنخواہ دار طبقے کیلئے پریشان کن ہے ،تنخواہوں کو دس فیصد بڑھانے کی بات کی تاہم مہنگائی کئی گنا بڑھ گئی۔ حکومت نے میڈیکل الاؤنس پر ٹیکس لگا دیا ہے، حکومت نے زراعت کے شعبے کے ساتھ بے وفائی کی، کاٹن کے بیچ پر ٹیکس 17 فیصد کر دیا گیا۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجٹ دیا گیا، جلد تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔
رہنما پیپلزپارٹی شازیہ مری کا کہنا تھا کہ نومبر تک 2.8 کھرب گردشی قرضہ ہو جائیں گے۔ ہر پاکستانی اب پونے دو لاکھ کا مقروض ہو گیا ہے۔ بجٹ سے قبل دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن عوام کو مل نہیں رہی، عمران خان بتائیں کہ وہ کیا کرپشن کر رہے ہیں کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے؟حکومت کے پاس مسخروں کی فوج ہے، روزانہ چار مسخرے کھڑے ہوجاتے ہیں،ایک حکومتی مسخرہ کبھی سائیکل والی جماعت میں تھے اب بلے کے ساتھ ہیں کل کو معلوم نہیں وہ کس کے ساتھ ہونگے ، یہ کون سی گولی کھاتے ہیں کہ ایک دم ان کا ضمیر بدل جاتا ہے
شازیہ مری نے کہاکہ حکومت کا کوئی اچھا کام نہیں ہے میڈیا اْس کو کیا دیکھائے ،پی ایف یو جے نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے میڈیا کو کنٹرول کیا جارہا ہے ۔ پاکستانی قوم کی مہنگائی سے چیخیں نکل رہی ہیں ،حکومت نے ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا ہے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں ہوا وہ نام ہے، وزیراعظم عمران خان بے نظیر بھٹو کے نام سے گھبراتا ہے ان کے نام سے خوف زدہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوے دن میں ملک کے مسائل حل کرنے کی باتیں کرتے تھے۔ وزیراعظم امریکہ کے دورے سے واپسی پر کہتے تھے کشمیر کا مسئلہ حل ہو گیا ہے ،وزیراعظم عمران خان بزدل ہے دہشت گردوں کے سامنے ہاتھ باندھ لیتے ہیں، پاکستانی قوم حکومت کے یو ٹرن سے بیزار ہو چکے ہیں۔ پاکستانی ایٹمی ملک ہونے کی وجہ سے بہت سے خطرات سے بچے ہوئے ہیں۔ پاکستانی قوم ملک کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی۔