اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت کبھی بھی امریکہ کو افغانستان کے خلاف پاکستانی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” وزیر اعظم عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین امریکا کو افغانستان کے خلاف استعمال کرنے کے لیے کوئی اڈے فراہم نہیں کرے گا۔”
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ’ہم طالبان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ٹی ٹی پی اور دوسرے گروپوں کو کسی ایسے کام کی اجازت نہیں دیں گے جس سے پاکستانیوں کے جان و مال کو نقصان پہنچے۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ 80 فیصد بارڈر پر باڑ لگا دی ہے۔ ’کوشش کر رہے ہیں کہ 100 فیصد فینسنگ ہو۔‘ ایران کے ساتھ 46 فیصد سرحد پر باڑ لگائی گئی ہے اور امید ہے کہ اس سال کے آخر تک یہ کام مکمل ہو جائے گا۔
خیال رہے گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد پاکستان سی آئی اے کو سرحد پار انسداد دہشت گردی کے مشنز کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی ’بالکل‘ اجازت نہیں دے گا۔
ایک امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے جب میزبان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ امریکی حکومت کو اجازت دیں گے کہ سی آئی اے یہاں پاکستان سے سرحد پار القاعدہ، داعش اور طالبان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مشنز سر انجام دے سکے؟ اس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ “بالکل نہیں اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ ہم اجات دیں گے۔”
عمران خان کا کہنا تھا کہ “کسی بھی طرح کے اڈوں یا پاکستانی سرزمین سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کی بالکل اجازت نہیں دیں گے۔”
یہ بھی پڑھیں : سافٹ امیج کو پرموٹ کرنا ہے تو پہلے پاکستانیت کو پرموٹ کریں، وزیراعظم عمران خان