کراچی:یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ،سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ہم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو وزارت تجارت کے ماتحت ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او) کی جانبداری اوراپنے عہدے سے انصاف نہ کرنے کے حوالے سے خط تحریر کردیا ہے۔
میں نے وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ ڈی جی ٹی او نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود ایف پی سی سی آئی کی صدارت کے انتخاب میں یو بی جی کے امیدوار خالدتواب کے حق میں فیصلہ نہ دے کر اپنے آپ کو مشکوک بنالیا ہے بلکہ فیڈریشن پر قابض گروپ کے مفادات کو پورا کرنے کے منصوبے میں شریک ہے۔
انہوں نے ان خیالات گزشتہ شب یو بی جی کے سیکریٹری اطلاعات مرزااختیار بیگ کی جانب سے یو بی جی لیڈران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی معاشی حالت بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں،آئندہ چندماہ میں پاکستان کی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائے گا اور ملکی اکنامی مزید بہتر ہوجائے گی۔
اکنامی کے انڈیکیٹرز مسلسل مثبت ہورہے ہیں اور جو صنعتیں خسارے سے دوچار تھیں وہ اب منافع کی جانب جانے لگی ہیں اور جلدہی پاکستان کی تمام ہی صنعتیں منافع میں چلی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صنعتیں منافع بخش پیداواری عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس وقت بہترین کام جاری ہے اوردیگر سیکٹرز بھی آئندہ چندماہ میں مثبت زون میں آجائیں گے۔
یو بی جی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے اقتدار پر دھاندلی سے قابض ہونے والے اب اپنے گھروں کو جانے کی تیاریاں لرلیں،ڈی جی ٹی او خالدتواب کیلئے منتخب صدر کا اعلان کرنے میں تاخیری حربے استعمال کررہا ہے لیکن اب ڈی جی ٹی او گرفت میں آئے گا۔
انہوں نے ظفربختاوری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب سے وہ یو بی جی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے ہیں اسی دن سے وہ خیبرپختونخوا اورپنجاب کی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کے دورے کررہے ہیں۔
ہم نے آئندہ سال کے ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں اور ہم دھاندلیوں کے ٹھیکیداروں کو فرار کا بھی راستہ نہیں دیں گے۔
سیکریٹری جنرل یو بی جی ظفربختاوری نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کے ہردروازے پر جاکر ایف پی سی سی آئی میں رواں سال کے الیکشن میں کی جانے والی دھاندلیوں کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔