ریاض:مسجدالحرام میں زائرین کو آب زم زم کی فراہمی کے لیے روبوٹ سروس متعارف کروادی گئی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق عبدالرحمن السدیس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ زائرین کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہوگیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سماجی خدمات کے لیے اہم ہے بالخصوص جب کہ کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاو عام ہوگیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق روبوٹ زائرین کی آمد ورفت میں رکاوٹ ڈالے بغیر زم زم کی بوتلیں تقسیم کرتا ہے۔
دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے رواں سال حج کے لیے 3 حج پیکیجز کی منظوری دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق انسدادِ کورونا کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کے باعث حج پیکیج میں اضافہ ہوا ہے۔
پہلا پیکیج گیسٹ اسپیشل ٹاور، جس کی فیس 16 ہزار 560 ریال فی کس ہے۔اس پیکیج میں عازمین کو منی ٹاورز میں رہائش، خدمات، مکہ سے مشاعر مقدسہ آمدورفت شامل ہوگی۔
جبکہ دوسرا پیکیج گیسٹ اسپیشل خیمہ ہے، جس کی فیس 14 ہزار 381 ریال فی کس مقرر ہے۔ دوسرے پیکیج میں عازمین کو جمرات کے قریب خیموں میں بسایا جائے گا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق تیسرا حج پیکیج گیسٹ عوامی خیمہ ہے، جس کی فیس 12 ہزار 113 ریال فی کس ہے۔
وزارت کے مطابق ان تمام پیکیجز کی ادائیگی کے وقت ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی رقم علیحدہ وصول کی جائے گی۔وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر حج درخواستیں وصول ہونے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔