کراچی: پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کرنے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں محمد عامر سے ہونے والی گفتگو کے دوران کرکٹ بورڈ واضح کرچکا ہے کہ سینئر کھلاڑی کیلئے ایسی راہ چننا ٹھیک نہیں۔
چیف ایگزیکٹو کرکٹ بورڈ وسیم خان نے کہا کہ محمد عامر قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ہونے کی حیثیت سے اہم کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں، کرکٹ بورڈعامر اور کوچز کے مابین صلح کیلئے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ میں پاکستان سپر لیگ کھیلنے نہیں جارہا، بطور پاکستانی لیگ کھیلنے کے لیے جاؤں تو زیادہ فخر محسوس کروں گا۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ ماہ محمد عامر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، ہم بھی چاہتے ہیں پاک بھارت تعلقات بہتر ہوں اور اچھی کرکٹ ہو، بھارتی شائقین بھی پاکستانی پلیئرز کو وہاں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کسی اور ملک کی نمائندگی، نہ ہی آئی پی ایل کھیلنے جارہا ہوں، محمد عامر
قبل ازیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کے کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔
چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی نے محمد عامر کو بہت اچھا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد عامر نے خود نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا جو ہماری نظر میں قابلِ افسوس ہے۔
مزید پڑھیں: محمد عامر کے فیصلے پر چیئرمین کرکٹ بورڈ کا اظہارِ افسوس