کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ یپلزپارٹی کے چیئرمین پاکستانی معیشت میں بہتری پر شدید غمزدہ ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بلاول کے والد ماضی میں 45 ارب ڈالر سے قرضوں کو 60 ارب ڈالر تک لیکر گئے، اگر بلاول کو عوام کا درد ہے تو والد کے سوئس بینکوں میں ملکی لوٹی ہوئی دولت واپس لے آئیں۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری پر بلاول بھٹو کا بیان چور مچائے شور کے مترادف ہے۔ بلاول کو عوام کا احساس ہوتا تو کورونا ریلیف فنڈ میں عوامی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کرتے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں غزائی قلت، ایڈز، ڈینگی، سگ گزیدگی سے بچوں کی اموات ہورہی ہیں بلاول خاموش ہیں۔ سندھ میں غربت کی وجہ سے ہزاروں لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں بلاول خاموش ہیں۔ بلاول سندھ میں جاری ظلم و ستم پر خاموش اور وفاق پر تنقید کیلئے پیش پیش ہیں۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سالانہ 3 ہزار ارب روپے ماضی کی حکومتوں کا لیا قرضہ ادا کررہی ہے، وزیراعظم نے کورونا وباء کی میں بھی معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھا، آج پاکستان کی گروتھ 3.9 فیصد ہے جبکہ بھارت کی 7.3 فیصد منفی گروتھ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمعے کو سرکاری چھٹی دینے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور