ابوجا: نائیجیرین فوج کا طیارہ حادثے میں تباہ ہوگیا جس میں سوار آرمی چیف جنرل ابراہیم عطا ہیرو جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نائیجیرین ائیر فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز جنرل عطا ہیرو شمالی ریاست کدونا جارہے تھے کہ راستے میں ان کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
رواں برس جنوری میں ہی نائیجیرین فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ابراہیم کو صدر محمد بوہاری نے تعینات کیا جن کی تقرری ملک بھر میں پر تشدد واقعات کی روک تھام کیلئے عمل میں لائی گئی۔
ملک بھر میں شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جسے روکنے کیلئے جنرل ابراہیم متحرک تھے۔ قبل ازیں 3 ماہ پہلے نائیجیرین ائیر فورس کا مسافر طیارہ دارالحکومت میں گر کر تباہ ہوا۔
مذکورہ حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ صدرِ مملکت نے آرمی چیف جنرل ابراہیم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے ملک کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے۔
نائیجیریا میں پر تشدد واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جن کی روک تھام کیلئے صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کو تعینات کیا گیا ہے تاہم ملک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے جنرل ابراہیم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ فلسطین میں جنگ بندی، اسرائیل اور حماس دونوں کا فتح کا دعویٰ