کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 ڈاکو ہلاک اور پولیس کا 1 جوان شہید ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والا پولیس اہلکار نعمان شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعے پر شہید ہوگیا جو سکھن تھانے میں تعینات تھا۔
فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے 3 ڈاکو ہسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق 6 ڈاکو بھینس کالونی میں لوٹ مار کر رہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی۔
پولیس موبائل آتی دیکھ کر ڈاکوؤں نے اہلکاروں پر سامنے سے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 ڈاکو شدید زخمی ہوئے جو دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
جائے واردات سے 3 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ شہید پولیس اہلکار کی میت جناح ہسپتال منتقل کردی گئی جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اورنگی ٹاؤن میں بیٹے کا بیوی کے کہنے پر بوڑھی والدہ پر تشدد، ویڈیو وائرل