اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر گولیاں برسانا افسوسناک ہے، عالمی برادری اسرائیل کی سفاکیت کا نوٹس لے، نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے، مسئلہ فلسطین پر مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔
فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف مسئلہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ پر واضح ہے، پاکستان فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتا ہے، فلسطین کی صورتحال پر ترکی کا بھی ایک واضح مؤقف ہے۔
وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ سعودی عرب غیرمعمولی نوعیت کا تھا، پاک سعودی تعلقات پہلے بھی عمدہ تھے اب تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش کے مطابق ایران اور سعودی تعلقات میں بہتری آ رہی ہے، سفیروں سے متعلق شکایات پر تحقیقات کے ساتھ اصلاحات بھی کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل آرمی چیف افغانستان میں تھے، اہم ملاقاتیں ہوئیں، کل کی نشست کے بعد خطے میں امن کے واضح امکانات نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کابل میں اسکول پر حملہ کی مذمت کرتا ہے، حملہ انتہائی افسوسناک عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانوں کے خیرخواہ ہیں، خوشحال اور خودمختار افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں، افغانستان میں امن سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا، افغانستان میں امن طالبان اور افغان حکومت کے مفاد میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں اور مدارس میں بچوں کو سزا دینا جرم قرار دے دیا