لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کے خلاف پولیس کو تحریری درخواست دے دی۔
ایف آئی اے کی جانب سے مسلم لیگ ن کے جن رہنماؤں کے خلاف پولیس کو درخواست دی ہے ان میں ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب، عطا تارڑ اور دیگر 12 لیگی رہنما شامل ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے سی سی پی او لاہور کو مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کے خلاف درخواست دی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، میاں مرغوب، غزالی بٹ اور 12 نامعلوم افراد نے ایف آئی اے کے دفتر پر حملہ کیا تھا۔
ایف آئی اے کی درخواست میں مریم اورنگزیب سمیت دیگر پر دفتر میں زبردستی گھسنے اور تلاشی لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔ درخواست کے متن کے مطابق لیگی رہنماؤں نےایف آئی اے لاہور آفس پردھاوا بولا اور لاک ڈاؤن کے احکامات کی خلاف ورزی کی۔
ایف آئی اے کی درخواست میں کہا گیا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی اوسی) کی ہدایات کے مطابق آج دفاتر بند تھے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ میڈیا سے پتا چلا کہ ہم نے ایف آئی اے کے دفتر پر حملہ کیا ہے ، اگر ہم نے ایف آئی اے کے دفتر پر حملہ کیا ہے تو اس کی ویڈیو سامنے لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی بی ایم نے دنیا کی سب سے چھوٹی 2-نینومیٹر چپ تیار کرلی