اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیراعظم اپنے دورے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ، وفاقی کابینہ اور اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں معیشت ، توانائی ، تجارت ، سرمایہ کاری اور پاکستانی کارکنوں کیلئے روزگار کے مواقع اور سعودی عرب میں پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود سمیت دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر مشاورت کریں گے۔
عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں فریقین باہمی مفاد کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، دورے کے دوران دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر بھی دستخط متوقع ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین، ورلڈ مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حرمین شریفین کے امام صاحبان سے بھی ملاقاتیں کرینگے، وہ جدہ میں پاکستانی برادری سے بھی ملیں گے۔
اس سے قبل سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جدہ میں ملاقات میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بنیاد بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے، دونوں ملک مسلم امہ کے امن، استحکام اور بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
پاک فوج کے سربراہ نے سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ اور حرمین شریفین کے دفاع کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا جبکہ شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے خطے کے امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے بھی ملاقات کی، جس میں افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت، دوطرفہ دفاع، سلامتی، علاقائی امن اور رابطے کیلئے تعاون سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کنسائینو ویکسین کی بڑی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک دستیاب ہوگی، اسد عمر