پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ ماضی کی تلخ یادوں کے بارے میں سوچ سوچ کر پریشان نہیں ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ہانیہ عامر نے حال ہی میں اپنے خوبصورت بچپن کی تصاویر مداحوں کیلئے شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آپ کی ناقدری کریں، انہیں بھول کر آگے بڑھ جائیں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا کہ کسی کو ساتھ چھوڑ کر جاتے دیکھنا اتنا ہی افسوسناک ہوسکتا ہے جتنا کہ ہم سمجھتے ہیں جبکہ اسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔
ایوارڈ یافتہ ڈرامے عشقیہ کی اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اسی صورتحال کا اگر دوسرے زاویے سے تجزیہ کیا جائے تو یہ آزادی محسوس ہو جبکہ منفرد طرزِ فکر سب کچھ ہے۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا کہ ماضی کے بارے میں سوچ سوچ کر اپنے آپ کو بے چارہ مت بنائیں۔ ایک قدم آگے بڑھیں، اپنے سامنے موجود لمحات کا لطف اٹھائیں اور تشویش کا خاتمہ کردیں۔
ہانیہ عامر نے کہا کہ ان خیالات اور لوگوں کو چھوڑ دیں جو آپ کو یہ احساس دلاتے ہوں کہ آپ نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔ جو لوگ آپ کو اپنی ذات پر شک کرنے پر مجبور کرتے ہوں، انہیں چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی سے سانس لیں کیونکہ یہ آپ کی اپنی زندگی ہے۔لوگوں کو جانے دیں اور اپنے آپ کو منتخب کریں۔ ہانیہ عامر نے اپنے بچپن کی مختلف خوبصورت تصاویر بھی مداحوں سے شیئر کیں۔
یہ بھی پڑھیں: یاسر کے ہاں بے بی شاورکی تقریب، اقراء کے لباس پر 100 دعائیں موجود