کراچی :مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ این اے 249 میں جو چوتھے نمبر پر بھی نہیں تھے وہ کیسے جیت گئے؟ بلاول صاحب کا مقام نہیں کہ وہ اس پر بات کریں، بلاول بھٹو کو چاہیے کہ وہ اپنے قد کے مطابق بات کریں۔
این اے 249 کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا نے کہا ہے کہ کراچی کا انتخاب ڈسکہ سے بھی زیادہ متنازع بن چکا ہے۔ ریٹرننگ افسر سجاد خٹک نے فیصلہ لکھ کر رکھا ہوا تھا اور جس کے بعد ہماری پٹیشن مسترد کر دی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہوگیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے عزائم کیا ہیں۔ قانون میں دوبارہ گنتی کا عمل موجود ہے۔ حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے معاملے میں اتنی بے ضابطگیاں ہیں کہ دوبارہ گنتی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، اس حلقے کے 34 پولنگ اسٹیشن کے واٹس ایپ رزلٹ ریٹرننگ افسران کے پاس نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ 100 سے زائد فارم 45 پر دستخط نہیں ہیں، ووٹنگ کی شرح 5 فیصد سے کم ہو اور دیگر شبہات ہوں تو دوبارہ گنتی کا قانون موجود ہے، ایک حلقے کا الیکشن پورا الیکشن کمیشن دیکھ رہا ہوتا ہے، الیکشن شفاف نہ رکھا جائے تو سوال کھڑے ہوتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ جس دن الیکشن ہوا اس دن ہم پولنگ افسر سجاد خٹک کے پاس گئے، پولنگ افسر سے کہا کہ رات کے 2 بج گئے اور ابھی تک نتیجہ نہیں آیا۔ سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ جو جیتے ہوئے ہیں سب سے زیادہ پریس کانفرنس وہ کر رہے ہیں، یہی بات کافی ہے کہ دال میں بہت کچھ کالا ہے، الیکشن کمیشن ایک الیکشن میں بھی شفافیت نہ دے سکے، ایک الیکشن متنازع بن جائے تو اس نظام پر کیسے انحصار کریں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ کے ساتھ بھی نامناسب رویہ رکھا گیا، آج تک ہمیں الیکشن سے متعلق کوئی ریکارڈ نہیں دیا گیا، آج 9 بجے ہی ہماری پٹیشن کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔ سجاد خٹک، ندیم حیدر، عبدالرحمان نے پہلے سے فیصلہ لکھ کر رکھا ہوا تھا، ہم نے دوسری پٹیشن فائل کی تو اسے بھی بغیر سنے مسترد کر دیا گیا، بہت سے فارم 45 ایسے ہیں جن میں ٹوٹل ہی نہیں کیا گیا۔، 100 سے زائد فارم 45 ایسے ہیں جن پر پریذائیڈنگ آفیسر کے دستخط نہیں۔
نون لیگی رہنما نے کہا کہ کچھ فارم 45 میں مختلف غلطیاں ہیں، انہیں بھی کوئی پوچھنے والا نہیں، ابھی تک الیکشن کمیشن نے ہمیں فارم 45 کی کاپی فراہم نہیں کی، جتنی تفصیلات ہم نے حاصل کیں ان میں ہمارے نمبر الیکشن کے غیر حتمی نتیجے سے بڑھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مزدوروں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ،مرتضیٰ وہاب