کراچی :سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یکم مئی کو مزدوروں نے اپنے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایک انمٹ تاریخ رقم کی تھی ہم مزدوروں کی لازوال قربانیوں اور انکی جدوجہد پر انہیں سلام تحسین پیش کرتے ہیں۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت مزدوروں کو انکے جائز حقوق دینے کے لئے پرعزم ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی نہ صرف آواز بلند کی بلکہ انکی آواز بنی بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواہ وہ پارلیمنٹ ہو یا کوئی بھی پلیٹ فارم، پیپلزپارٹی مزدوروں کی ہر جدوجہد میں شانہ بشانہ شامل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور انکے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی ماہانہ اجرت میں اضافہ سے لیکر اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں مزدوروں کو خصوصی رعایت کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ مزدور بھائیوں اور بہنوں کی لئے اسپتال، ڈسپنسریاں اور اسکولوں کا قیام اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت مزدوروں کا معیار زندگی اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے لاک ڈاؤن میں سب سے زیادہ متاثر مزدور اور محنت کش طبقہ ہوا ہے اپنے مزدور بھائیوں اور بہنوں کی اس مشکل گھڑی میں سندھ حکومت انکے ساتھ کھڑی ہے اور انکی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت مزدوروں کے لئے رہائشی منصوبوں سمیت کارخانوں میں سہولتوں کی فراہمی، انکے روزگار کے تحفظ اور انکے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں : مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بھی محنت کش مزدوری کرنے پر مجبور