اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی اور واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب 5 افراد کی جان لینے والے کوئٹہ دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میں کوئٹہ حملے میں بے گناہ افراد کے قتل پر بہت غمزدہ ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردوں نے بے حد بزدلانہ کارروائی کی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے عظیم قربانیاں دیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے۔ ہم ملک کے تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور ان کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔
I am deeply saddened by the loss of innocent lives in the condemnable & cowardly terrorist attack in Quetta yesterday. Our nation has made great sacrifices in defeating terrorism & we will not to allow this scourge to rise again. We remain alert to all internal & external threats
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 22, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئٹہ میں سرینا چوک دھماکے کے ذمہ دار دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔
گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سرینا چوک میں ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے کے متعلق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھماکے کے بارے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ دھماکہ، دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔شیخ رشیداحمد