وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں سرینا چوک دھماکے کے ذمہ دار دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سرینا چوک میں ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے کے متعلق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھماکے کے بارے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں گی۔
وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔ دشمن پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، اس کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ اعلیٰ سطحی تحقیقات کے نتیجے میں دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
اس حوالے سے وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیں گے۔ تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تفصیلات جلد سامنے لائیں گے۔دھماکے کے نتیجے میں 12 سے 14 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانی ضیاع پر دلگرفتہ ہوں۔ دشمن نے رمضان کے مقدس مہینے میں امن تباہ کرنے کی ناکام کوشش کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دشمن اپنے ارادوں میں ناکام و نامراد ہوگا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کوئٹہ کے سرینا چوک پر نجی ہوٹل کی پارکنگ میں زور دار دھماکے کے نتیجے 4افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ،سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکہ، 4افراد جاں بحق