اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس کا شیڈول تبدیل کردیا گیا جو جمعرات کی بجائے آج سہ پہر کے وقت منعقد ہوگا جس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر اہم امور پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی اجلاس جمعرات تک ملتوی کیا گیا تھا، تاہم تازہ ترین شیڈول کے مطابق اجلاس آج سہ پہر کو 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت آج کے قومی اسمبلی اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کے بعد فرانسیسی سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرارداد پیش کی جائے گی۔ قبل ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل کو طلب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال سے متعلق 23 نکاتی ایجنڈے پر غور کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس 15 روز قبل منعقد ہوا۔
اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس 5 اپریل کی شام 4 بجے شروع ہوا جس کا 23 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا تھا۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم عائلی قوانین آرڈیننس 1961ء ترمیمی بل متعارف کرایا گیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد، 23 نکاتی ایجنڈے پر گفتگو کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا