لاہور: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح اقوام متحدہ میں ناموس رسالت کے لئے آواز بلند کی ماضی میں کسی بھی حکمران نے نہیں کی ،جس طرح کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے حالیہ احتجاج میں پولیس پر تشدد کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، پولیس نے جس طرح بہادری ، برداشت اور فرض شناسی سے بدامنی میں امن و امان کے قیام کے لئے قربانیاں دیں وہ لائق تحسین ہیں، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشتعل مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب ناموس رسالت کے لئے کٹ مرنے کے لیے تیار ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح اقوام متحدہ میں ناموس رسالت کے لئے آواز اٹھائی ،اسلام دشمن قوتوں کو چیلنج کیا ماضی میں کسی بھی حکمران نے نہیں اٹھائی۔
انہوں نے کہاکہ جب کچھ یورپی ممالک میں توہین رسالت کے واقعات ہوئے تو اس وقت ایک آواز جو مسلم دنیا سے بلند ہوئی وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ترکی کے صدر طیب اردگان کی تھی ،ایک ایسا ملک اور ایسی حکومت جو ناموس رسالت کے لئے جان چھڑکتی ہو اور ناموس رسالت کی حفاظت کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کرہی ہو عالم کفر کو باور کروا رہی ہو کہ مسلمان مر مٹ سکتے ہیں لیکن ناموس رسالت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کر سکتے کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ حکومت اپنے ملک میں ناموس رسالت پر پہرہ نہ دے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ احتجاج کی آڑ میں اپنے ملک کی املاک کو نقصان پہنچانا شہریوں کے لئے پریشانی پیدا کرنا جلاؤ گھیراؤ اداروں پر حملہ کرنا غداری کے زمرے میں آتے ہیں جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ مذاکرات ہیں تمام مسائل کا حل ہوتا ہے اور اس معاملہ پر بھی مذاکرات ہو رہے تھے لیکن اس دوران پرتشدد رویہ اختیار کیا جانا انتہائی افسوس ناک امر تھا۔؎
شفقت محمود نے کہا کہ یہ ہمارا اپنا ملک ہے اس کی بہتری کے لئے ہم نے مل جل کر کام کرنا ہے ہم اگر اسی طرح اپنے ہی ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور املاک جلائیں گے تو اس سے اسلام دشمن قوتوں کو کیا فرق پڑے گا نقصان تو ہمارا اپنا ہی ہو گا۔ اسلام دشمن قوتیں تو اتنا نقصان شاید ہی نہ کر سکیں جتنا ہم خود اس طرح کے واقعات کی وجہ سے کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھے ،ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت کسی صورت بھی نہیں دی جائے گی ،پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن وامان کو بحال رکھا،پرتشدد احتجاج میں 600 سے زائد پولیس کے نوجوان زخمی اور کچھ شہید ہوئے ۔
یہ بھی پڑھیں : فواد چوہدری دیر نہ کریں، مجھ پر مقدمہ کرائیں، رانا ثناء اللّٰہ