کراچی: ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے شیخ رشید کی متنازعہ پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کا بیان لسانی تفریق کو ہوا دینے کی مذموم کوشش ہے اور مقامی باشندوں کے شناختی کارڈ کا معاملہ اٹھانا وفاقی حکومت کی شرمناک حرکت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدیوں سے آباد سندھیوں کے شناختی کارڈ کی بندش وفاقی حکومت کا فتور ہے انڈس ویلی کے باشندے سلیکٹیڈ حکمرانوں کی تانا شاہی برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید کے شناختی کارڈ پر لاہور کے باشندے سوال اٹھائیں تو کیا ہوگا؟ اور شیخ رشید زمینی حقائق سے بے خبر ہو کر کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انڈس ویلی کی نمائندگی کرتے ہوئے ان لغویات کو برداشت نہیں کرے گی کیونکہ سلیکٹیڈ حکمران اب مقامی باشندوں کی شناختی دستاویزات پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہریوں کے اپنے شہر میں شناختی کارڈ کی بندش کا بیان لسانی تفریق ہے اور شیخ رشید شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ں ن رہے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ وفاقی حکومت شیخ رشید کے متنازع بیان کا نوٹس لیکر معافی مانگے کیونکہ سندھ کے باشندوں کے لیے شیخ رشید کا بیان ناقابل قبول ہے۔