اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ’احساس کوئی بھوکانہ سوئے پروگرام‘ کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مزید تین شہروں تک وسعت دینے کا آج اعلان کریں گے۔
احساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے ذریعے اُن مزدوروں، دیہاڑی داروں اور کم اجرت والے کارکنان کو مفت کھانا تقسیم کیا جائے گا جو احساس پناہ گاہوں اور لنگر خانوں تک رسائی نہیں کرسکتے ہیں۔ ورچوئل افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان خیبرپختونخوا، پنجاب کے وزرائے اعلیٰ اور پارلیمنٹرین کے ہمراہ فیصل آباد، لاہور اور پشاور میں متعدد ٹرک کچنز کے ذریعے ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام کے تحت کھانے کی مفت فراہمی کی سروس کا افتتاح کریں گے۔
ہر ٹرک مخصوص سروس پوائنٹس پر روزانہ 1500 سے 2000 افراد کو کھانا تقسیم کرے گا۔ کھانا کی تیاری اور فراہمی ٹرک کچن سے ہی ہوگی۔
وزیر اعظم نے احساس کے تحت 10 مارچ 2021 کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں دیہاڑی داروں کو دن میں دو بار مفت کھانے کے ڈبے فراہم کرنے کیلئے ٹرک کچن کے تصور سے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا آغاز کیا تھا۔
پروگرام کے تحت اب تک 37 ہزار 827 افراد کو کھانا تقسیم کیا جاچکا ہے۔ جس کو اب مزید تین اضلاع تک وسعت دی جارہی ہے۔ تین مزید اضلاع میں توسیع سے ان افراد میں کھانا تقسیم کیا جائیگا جنہیں احساس پناہ گاہوں اور لنگر خانوں تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
احساس کوئی بھوکا نہ سوئے وزیراعظم عمران خان کا سال 2021 کا وژن ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے سال 2021 کیلئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پروگرام اس بات کو یقینی بنائے گا کوئی شخص خالی پیٹ نہیں سوئے گا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مفت کھانے کی فراہمی سے غریب، مستحق، مزدور اور اجرت پر کام کرنے والوں کو مشکل سے کمائی جانے والی رقم اپنے بچوں اور گھرانوں کے کھانے پر استعمال کرنے میں مدد ملے گی ۔
عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ صحت بخش کھانے کی فراہمی کیلئے احساس کوئی بھوکا نہ سوئے ٹرک کچن معیاری کھانا پکانے کے آلات سے لیس ہے ۔ رواں سال کے آخر تک مرحلہ وار اس پروگرام کو مزید شہروں تک وسعت دی جائے گی۔