لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ ڈسکہ کی عوام کل پوری قوم کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے اس نااہل حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کردے ۔ نااہل حکومت کی وجہ سے ملک کی بقا اور سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ حکومت جتنے دن رہےگی، عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑتی رہے گی لہٰذا ڈسکہ کے عوام سے اپیل ہے کہ پہلے سے زیادہ جذبے، حوصلے اور عزم سے نکلیں اور شیر پرمہر لگاکر عوام دشمن جعلی حکومت کے خلاف ڈٹ کر اپنا فیصلہ سنائیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف، کوڑے کے ڈھیروں اور لاقانونیت کے خلاف اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ دعا گو ہوں کل کا سورج مسلم لیگ ن اور شیر کی فتح کےساتھ طلوع ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنے ووٹ کو آٹا، بجلی، گیس اور ووٹ چوروں کے خلاف استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ اپنا ووٹ دیں تاریخی نااہلی اور نالائقی کے خلاف، کیونکہ حکومت جتنے دن رہےگی، عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑتی رہے گی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا دنگل کل سجنے جا رہا ہے جس میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کے بلدیاتی اداروں میں ڈی سیز کی جگہ بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی شروع