کراچی: شہر کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں،کراچی پیکیجز کے نام پر بار بار دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ رمضان کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا ہوگا، جو طویل ہوسکتا ہے۔ نئی مردم شماری سمیت کراچی کے حقوق حاصل کرکے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہارامیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ نشرواشاعت کے تحت کالم نگاروں وڈائری رپورٹرز کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مسلسل تحریک چلارہی ہے،”حق دو کراچی تحریک“نے عوام میں شعور پیدا کیاہے، عوام جماعت اسلامی کی کوششوں اور حقوق کراچی تحریک کا بھرپورخیر مقدم کررہے ہیں۔
رمضان المبارک کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گے جوطویل بھی ہوسکتا ہے،جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی جاسکتی ہے،آئندہ بلدیاتی الیکشن اپنے نشان ترزاوپر ہی لڑیں گے۔
”حقو ق کراچی تحریک“ کے مطالبات کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حق کے حصول اور بے شمار مسائل کے حل کی ضمانت ہیں۔ کراچی کی تباہی اور بربادی کی ذمہ داری پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پر عائد ہوتی ہے۔
یہ پارٹیاں یہاں مسلسل اقتدار میں رہی ہیں۔ پی ٹی آئی نے بھی دعوے اور وعدے تو بہت کیے لیکن ڈھائی سال میں اہل کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ پیکیجز کے نام پر بھی باربار دھوکہ دیا گیا۔
اس موقع پر کالم نگاروں اور ڈائری رپورٹرز کو جماعت اسلامی کی حقوق کراچی مہم اور شہر قائد کے گھمبیر مسائل کے حل اور 3کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حوالے سے ”حقوق کراچی چارٹر“ بھی دیا گیا جس میں 17نکات پر مشتمل مطالبات درج تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے حقیقی جدوجہد کی ہے،کے الیکٹرک،نادرا،بحریہ ٹاؤن سمیت متعدد مسائل پر آواز بلند کی ہے اور عوام کو ریلیف بھی دلوایا ہے۔
سیاسی جماعتوں کا حال تو یہ ہے کہ جب میڈیا کسی مسئلے کو اٹھاتاہے تو وہ متحرک ہوجاتی ہیں اس کے بعد خاموشی اختیار کرلیتی ہیں مگر جماعت اسلامی ہر مسئلے پر نا صرف آوازبلند کرتی ہے بلکہ مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر بھی موجود رہتی ہے۔
ہمارے پاس اختیار اور اقتدار نہیں مگر اس کے باوجود ہم عوام کے مسائل کے حل کے لیے نکلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مردم شماری کا مسئلہ گھمبیر نوعیت کا ہے اس پرپی ٹی آئی، ایم کیو ایم کو آواز اٹھانی چاہیئے تھی،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے مردم شماری کے مسئلے پر کراچی کے عوام کی نمائندگی نہیں کی۔
صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو دیگرجماعتوں کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے،ماضی میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کراچی کے ناظم تھے جنہوں نے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام مخالف پارٹیوں کے ساتھ مل کر کام کیا جس سے آج تک کوئی بھی سیاسی پارٹی اختلاف نہیں کرسکتی۔