اسلام آباد: وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کے حوالے سےسوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ برطانیہ نے وزیرِ داخلہ کو ویزہ دینے سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عوام کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کو برطانوی سفارت خانے نے ویزہ دینے سے انکار کردیا جبکہ وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے برطانیہ میں مقیم سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کا پاسپورٹ کینسل کردیا تھا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے بھی انکار کردیا تھا۔ ترجمان برطانوی ہائی کمیشن نے معاملے کی حساسیت کے باعث اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد قبل ازیں متعدد مرتبہ برطانیہ کا دورہ کرچکے ہیں۔عوام کے مطابق شیخ رشید نے ویزے کی مدت ختم ہونے پر گزشتہ روز دفترِ خارجہ کی وساطت سے ویزہ تجدید کیلئے پاسپورٹ بھجوایا تھا لیکن برطانوی سفارت خانے نے ویزہ دینے سے انکار کیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن ایک دوسرے کو نوٹسز دے رہی ہے، سورج مغرب سے نکل سکتا ہے لیکن 370کی واپسی تک بھارت کیساتھ تجارت نہیں ہوسکتی۔
شیخ رشید نے 4 روز قبل بیان دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں عمران خان خود مہنگائی کی صورتحال کو مانیٹر کریں گے، عمران خان نے مریم کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے صاف انکار کردیاہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے مریم کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے انکار کیا۔شیخ رشید