دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی
دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی

جوہانسبرگ: دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

جنوبی افریقا نے پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے کھیل کا آغاز کیا تاہم مارکرم کے ہاتھوں امام الحق صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان بابر اعظم بھی 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان کی شروعات میں 2 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اورمحمد رضوان صفر جب کہ دانش عزیز 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ شاداب خان بھی 13 رنز بنانے کے بعد تبریز شمسی کی گیندپر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

جس کے بعد آصف علی 19 رنز اور فہیم اشرف 11رنز پر پھیلوکوایو کا شکار بنے۔اس کے بعد کاگیسو ربادا نے شاہین آفریدی کو 5 رنز پر بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھا دی جب کہ فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی اور وہ 193 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔

یوں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔جنوبی افریقا جانب سے آنرِچ نورجے نے 3، پھیلو کوایو نے 2 جب کہ ربادا نگیدی اور شمسی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ تو میزبان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور آئڈن مارکرم نے کیا، دونوں اوپنرز نے 55 رنز کی شراکت قائم کی تاہم مارکرم 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کوئنٹن ڈی کوک نے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔

ون ڈاؤن آنے والے کپتان ٹیمبا باوما اور وین دیر ڈوسین نے 101 رنز کی شراکت قائم کی، وین دیر ڈوسین نے جارحانہ 60 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے، ڈیوڈ ملر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری بنائی جب کہ کپتان ٹیمبا نے 92 رنز بنائے۔

جس کی بدولت جنوبی افریقا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بناسکی۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 جب کہ شاہین آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری تھی تاہم آج میچ میں شکست کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

Related Posts