اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان بھر میں چینی کورونا ویکسین کین سائنو کا استعمال 5 اپریل سے شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے پاکستان کو 60 ہزار سنگل ڈوز کین سائنو کورونا ویکسین کی کھیپ منگل کے روز موصول ہوئی جو 80 سال سے زائد العمر افراد کو لگائی جائے گی۔
ویڈیو لنک پر وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس کے دوران 65 سال سے زائد العمر افراد کو ویکسین لگانے کے عمل میں ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
این سی او سی اجلاس میں عوام کیلئے ویکسینیشن سینٹرز ضلعی سطح پر تعمیر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ ویکسین زیادہ سے زیادہ افراد کو لگائی جاسکے، پاکستان نے کین سائنو کی 15 لاکھ خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل دُنیا بھر میں کورونا سے 13 کروڑ 8 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 28 لاکھ 50ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
دُنیا کے 200سے زائد ممالک اور خطوں میں کورونا سے مجموعی طور پر 13کروڑ 8لاکھ 7 ہزار 190افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس سے متاثرہ 28 لاکھ 50ہزار 385افراد جان کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے 13 کروڑ 8 لاکھ افراد متاثر، 28 لاکھ 50ہزار ہلاک