لاہور: عدالت نے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کی ضمانت منظور کر لی ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما کو 5 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت نے جہانگیر ترین کی حمانت 10 اپریل تک منظور کی ہے جبکہ بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی ضمانت 7 اپریل تک منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
قبل ازیں جہانگیر ترین نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے سیشن کورٹ لاہور سے رجوع کیا، علی ترین اور جہانگیر ترین کے خلاف مالی فراڈ کا کیس زیرِ سماعت ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مقدمہ درج کیا۔
آج پیشی کے موقعے پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ہم دونوں پر لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ میں نے اپنے مالی معاملات میں کوئی بدعنوانی نہیں کی، صاف اور شفاف ہوں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم اثاثوں کی منی ٹریل عدالت میں پیش کرسکتے ہیں، کسی چیز سے لاتعلقی کا اظہار میری عادت نہیں، مقدمے کی سماعت کیلئے ہم عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔ عدالت ہمارا مؤقف سنے گی اور ہم سرخرو ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کا لفظ جان بوجھ کر ہمارے کیس میں ڈالا، کسی بھی کمپنی کے فیصلوں پر تحقیقات ایس ای سی پی یا ایف بی آر کرسکتی ہے، میرا تینوں مقدمات سے کوئی لینا دینا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے عالمی بینک کے کردار کے معترف ہیں۔حماد اظہر