لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جعلی راج کماری سرجری کے بہانے میدان سے بھاگنے کے لئے پر تول رہی ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ این اے 75 ڈسکہ میں ایک بار ضمنی الیکشن کا میدان سجنے والا ہے ، ڈسکہ کے قبضہ گروپس اور دم توڑتے منشیات فروش گروپ راج کماری کا انتظام کررہے ہیں۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک قانون پسند جماعت ہے ن لیگ کی طرح اداروں پر چڑھائی نہیں کرتی، ہم عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں کامیابی ایک مرتبہ پھر عمران خان کے قدم چومے گی ، ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ ڈسکہ کے محب وطن عوام کا مقابلہ ن لیگ کے شرپسندوں کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں ایک مرتبہ پھر ناکامی کے بعد کنیزیں اور چیلے رسوا ہوکر در بدر بھٹکتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ووٹ چوروں کا مقابلہ کرنے والے شیروں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، مریم نواز