واشنگٹن: سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہےکہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا طویل عرصے سے سعودی عرب کے وژن کا حصہ رہا ہے، اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ خطے میں خوشحالی کی نئی نوید لے کر آئے گا۔ سعودی عرب اور اسرائیل کے مابین معاہدے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ اسرائیل سے معاہدے کی حمایت کرتے ہیں مگر معاہدہ برابری کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اگر اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ طے پا جاتا ہے تو سارے خطے میں امن قائم ہو جائے گا۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے زبردست فوائد حاصل ہوں گے یہ خطے میں معاشی، معاشرتی اور سلامتی کے نقطہ نظر سے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی دیگر عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے بعد یہ بھی تصور کیا جارہا ہے کہ سعودی عرب بھی جلد اسرائیل سے تجارتی و سفارتی تعلقات بحال کرلے گا۔
تاہم سعودی وزیر خارجہ نے یہ واضح کیا کہ اسرائیل سے معاہدہ اسی وقت ممکن ہے جب فلسطین کی 1967 کی حیثیت بحال کی جائے اور اسی سرحدوں کو خودمختاری کے ساتھ دوبارہ تسلیم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی دفاع کی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے، پنٹاگان