لاہور:ملک کے مشہور و معروف گلوکار شوکت علی طویل علالت کے بعد رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔ ان کے بیٹے امیر شوکت علی نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق فوک گلوکار شوکت علی طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے، گزشتہ برس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر انہیں سندھ کے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میں داخل کرایا گیا تھا۔
جہاں وہ کئی روز زیر علاج رہے تاہم پھر اکتوبر 2020 میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر انہیں سی ایم ایچ لاہور میں داخل کرایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گجرات ملاکوال کے فنکار گھرانے تعلق رکھنے والے فوک گلوکار شوکت علی نے صوفیانہ کلام اور پنجابی گانوں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
1965ء کی جنگ میں ان کا گایا ہوا ملی نغمہ، ”جاگ اٹھا ہے سارا وطن“ اب بھی جوانوں کا لہو گرماتا ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں 1990 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
معروف گلوکار شوکت علی کے انتقال کی خبر سن کر ان کے چاہنے والوں، سیاسی، سماجی، شوبز اور دیگر حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے دکھ اور افسول کا اظہار کیا جارہا ہے۔