لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے اعلان کیا ہے کہ 27 خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل ایمرجنگ کیمپ 3 سے 17 اپریل تک معین خان کرکٹ اکیڈمی میں لگایا جائے گا۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ، اسسٹنٹ کوچ ارشد خان، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈرائیکوس سائمان اور اکیڈمی کوچز محسن کمال اور نوید انجم کیمپ میں کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ قومی خواتین کرکٹر کو کوچنگ اسٹاف کیمپ میں طلب کرنے کا مقصد خواتین کرکٹرز کی صلاحیتوں اور فٹنس میں بہتری لانا ہے ۔
پی سی بی کے کوویڈ 19 پرٹوکولز کے تحت یہ کیمپ بھی بائیو سیکیور ماحول میں لگایا جائے گا، جہاں اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو کوویڈ 19 کے 2 مختلف ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے بعد ہی بائیو سیکیور ماحول میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کیمپ کے تمام شرکاء کا پہلا ٹیسٹ ان کی اپنی رہائشگاہ اور دوسرا ہوٹل میں لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی ایتھلیٹ راشد نسیم نے اپنا نیا عالمی ریکارڈ علی سدپارہ کے نام کردیا