کراچی: آج کاروباری روز (بدھ) کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث 96.82 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے 50 کروڑ ڈالر کی ملنے والی تیسری قسط، 2.5 یورو بانڈز کے جاری ہونے اور معیشت سے متعلق چند مثبت اعشاریوں کے بعد رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز بہت اچھے انداز میں ہوا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں صبح دس بجے تک انڈیکس میں 516.98 پوائنٹس بڑ ھ گیا تھا، جس کے بعد 45ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی،
مارکیٹ میں تیزی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 45133.25 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔آج کاروباری روز کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹریڈنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر تیزی کی طرف جانے والی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی واپسی ہوئی جس کے باعث مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔
آج کاروباری روز (بدھ)کے اختتام کے موقع پر اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 96.82 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 44 ہزار 587.85 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.22 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 25 کروڑ 32 لاکھ 27 ہزار 412 شیئرز کا لین دین کیا گیا۔