اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کی بیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے، ان میں کورونا وائرس کی اب کوئی علامات نہیں، وزیر اعظم نے صحت یاب ہونے کے بعد سرکاری امور کو انجام دینا شروع کردیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب وزیر اعظم نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلیفون بھی کیا ہے اور ان کی خیریت معلوم کی ہے، وزیر اعظم نے صدر مملکت عارف علوی سے اپنا کورونا آئسولیشن کا تجربہ بھی شیئر کیا، وزیر اعظم نے انہیں مشورہ دیا کہ سونپ کا استعمال کریں، نیند پوری لیں اور مکمل آرام کریں۔
تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں، ڈاکٹرز کی ہدایت اور نیشنل اور انٹرنیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق انہوں نے جزوی طور پر امور کو انجام دینا شروع کردیا ہے۔
الحمدللہ وزیراعظم عمران خان بالکل صحت یاب ہو گئے ہیں – ڈاکٹرز کی ہدایت اور نیشنل اور انٹرنیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق انہوں نے جزوی طور پر امور شروع کر دیے ہیں – اللہ تعالی سبکو صحت عطا فرمائے – آمین
اپنا اور دوسروں کا خیال رکھیں – احتیاط کریں— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) March 30, 2021