پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیکس نہ دینے پر ہزاروں سمندر پار پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے موبائل فونز بند کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ اقدام پی ٹی اے نے کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں پھنسے ہوئے ہزاروں مجبور اوور سیز پاکستانیوں کے خلاف اٹھایا۔ گزشتہ برس نومبر سے رواں برس جنوری تک لاکھوں کی تعداد میں سمندر پار پاکستانیوں نے وطن کا رخ کیا۔
مذکورہ سمندر پار پاکستانیوں میں سے تقریباً 50 ہزار شہری امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے علاوہ جنوبی کوریا سے بھی پاکستان آئے جو تاحال اپنے اپنے کاموں یا رہائش گاہوں پر واپس نہیں جاسکے۔ کورونا وائرس کے باعث یہ پاکستانی یہیں رہنے پر مجبور ہیں۔
ہر بار جب سمندر پار پاکستانی دیگر ممالک جانے کیلئے ائیر لائنز سے رابطہ کرتے ہیں تو انہیں نئی تاریخ دے دی جاتی ہے۔ کورونا کی تیسری لہر کے باعث تاحال سمندر پار پاکستانی اپنے اپنے کاموں پر واپس نہ جاسکے۔ 60 روز تک یہاں رہنے والے مسافروں کے فون بھی بند کردئیے گئے۔
پی ٹی اے پالیسی کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے فون اس لیے بند کیے گئے ہیں کیونکہ 60 روز تک یہاں رہنے کے باوجود انہوں نے ٹیکس ادا نہیں کیا۔ مہنگے فون استعمال کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کا ٹیکس 30 سے 40 ہزار روپے فی موبائل ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل کے بغیر واٹس ایپ کال کرنے کا طریقہ