اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی انا پرستی اور بچگانہ سیاست نے (ن) لیگ کو نقصان پہنچایا ہے۔ حکومت مریم کی باتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی۔ شبلی فراز کا کہنا ہے مولانا فضل الرحمان قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جائیداد کو بچانے کے لیے قانون میں پلی بارگین کا طریقہ کار موجود ہے۔
اتوار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران اور ان کی اہلیہ دونوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وزیراعظم جسمانی طور پر ایک مضبوط شخصیت کےمالک ہیں چھوٹی موٹی بیماری تو آتی رہتی ہے تاہم وہ ٹھیک ٹھاک ہیں۔ پاکستانی عوام اپنے پسنددیدہ لیڈر کی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔
کورونا وائرس کے حوالے سے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کورونا ایک حقیقت ہے اور یہ کسی میں تفویق نہیں کرتا وائرس کسی پر حملہ آور ہو سکتا ہے۔ تیسری لہر کی وجہ سے مثبت کیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور این سی او سی کی حکمت عملی کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے ۔ موجودہ لہر میں حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ زندگی اور روزگار چلتے رہیں۔
ویکسین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں سے اب ہر بڑے اسپتال میں کورونا ویکسین دستیاب ہے ۔ کئی دوست ممالک سے ویکسین برآمد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی حکمت عملی یہ تھی کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرزاور پھر 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگے۔اس وقت نظم و ضبط کے ساتھ ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔
شبلی فراز نے بتایا کہ ویکسین دوسری ڈوز لگنے کے 21 روز بعد اپنا اثر دکھاتی ہے۔نجی کمپنیوں کو بھی ویکسین درآمد کرنے کی قیمت کے تعین کی بھی حکمت عملی ہے۔ نجی سیکٹر کرونا ویکسین کی من مانی قیمتیں نہیں رکھ سکتے۔ قیمتیں اگلے ایک دو روز میں بتا دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم ایک فائٹر تھے اور ہیں،جلد ٹھیک ہوجائیں گے، وسیم اکرم