اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 سال پرانے منصوبے کا خواب حقیقت بن گیا ہے جبکہ ہمارا مکانات تقسیم کرنا کوئی احسان نہیں بلکہ محنت کشوں کا حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مزدور طبقے کو مکانات اور فلیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ایک بہترین منصوبہ ہے۔ زلفی بخاری اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ ادورِ حکومت کے دوران کبھی مزدور طبقے کیلئے نہیں سوچا گیا۔ تحریکِ انصاف حکومت قومی دھارے سے پیچھے رہ جانے والے طبقات کو اوپر لانا چاہتی ہے۔ ہم کسی پر احسان نہیں کر رہے، یہ ان محنت کشوں کا حق ہے جو پہلے کرائے کے مکانات میں رہنے پر مجبور تھے۔
خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جو محنت کش پہلے کرائے کے مکانات میں رہتے تھے، اب ان کا کرایہ قسطوں میں جائے گا اور مکان ان کی ملکیت بن جائے گا۔ شہروں میں مزدور سرکاری ملازمین کیلئے بھی گھر بنانا ممکن ہوگیا ہے۔کلاس 6 کے سرکاری ملازمین آج کل شہروں میں گھر نہیں بنا سکتے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے 1500 سے زائد خاندانوں کو مکان الاٹ کیے۔ گھروں کا معائنہ کیا اور پودا بھی لگایا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ منصوبے میں اگر بینک شامل نہ ہوتے تو ہم یہ کام نہیں کرسکتے تھے۔ ملک کا تعمیراتی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔معاونِ خصوصی زلفی بخاری کے مطابق منصوبے میں 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد گھر بنائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں گزشتہ 8 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری 77فیصد کم ہوئی۔اسٹیٹ بینک