راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوشاں ہے، ہمیں چوکنا رہتے ہوئے دشمن کی سازشیں ناکام بنانی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ریلیز ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، سماجی اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو بارڈر ٹرمینل کھولنے اور جاری آپریشنز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آْسمان منزا، میر علی میں جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر وقت گزارا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم کی تعریف کی اور قبائلی اضلاع میں سول انتظامیہ کی رٹ قائم کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے، پاکستان نے بارڈر سیکیورٹی کو مزید موثر اور فعال بنایا ہے، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بہتر بنائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لےلیا