کراچی: ایسٹ زون پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 1 روز میں 5 مفرور ملزمان سمیت 37 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 ملزمان کو حراست میں لے لیا جس میں 5 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان کے قبضے سے 5 پستول، 17 راؤنڈز اور 10 ہزار 36 گرام چرس بھی برآمد ہوئی۔
ملزمان کے قبضے سے عوام سے چھینے گئے 2 موبائل فونز اور 2 ہزار روپے بھی برآمد ہوئے جبکہ چوری کے شک کے پیشِ نظر پولیس نے 2 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ، موسمیات چورنگی سے ایس آر اے کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم سجاد عرف ببلو سندھ ریولوشنری آرمی کا تربیت یافتہ دہشت گرد ہے جس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا۔ ملزم کے کیے گئے انکشافات کے مطابق 19 جون 2020ء میں ملزم نے لیاقت آباد میں رینجرز موبائل پر حملے میں معاونت کی۔ مذکورہ حملے میں ایک شخص جاں بحق اور رینجرز اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایس آر اے کا دہشت گرد گرفتار، تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا اعتراف