کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے حلقہ پی ایس 111 ہزارہ کالونی میں نواز لیگ اور پی ایس پی کے کارکنوں و رہنماؤ ں نے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو کبھی مایوس نہیں کرتی یہی وجہ ہے کہ قید و بند کی صعوبتوں اور مشکلات کے باوجود کارکن اپنی پارٹی اور قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔
پارٹی قیادت کے دل جیالوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے پارٹی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ سیاست خدمت، محبت اور کمٹمنٹ کا نام ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کی ہے اور کرتی رہے گی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہونگا اور ادنیٰ کارکن کی طرح خدمت کرتا رہونگا آپ کے غم اور خوشی میں ہمیشہ پیپلز پارٹی ساتھ رہے گی اور جو خلوص اور جذبہ میں نے چیئرمین بلاول بھٹو کی آنکھوں میں دیکھا ہے وہ کسی لیڈر میں نہیں ہے۔
یہ نااہل حکمران عوام کو بے روزگار کرررہے ہیں، ساڑھے چار ہزار اسٹیل ملز کے ورکرز بے روزگار اور ہزاروں گھر مسمار کئے گئے،انہوں نے سوال کیا کہ ہزارہ کالونی کے علاقے سے جیتا کون ہے؟ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور صدر مملکت عارف علوی۔
لیکن جب شیدا ٹلی غریبوں کے گھر گرانے آیا تو پیپلز پارٹی کے جیالے ان کے سامنے ڈٹے رہے،یہاں سے کامیاب ہونے والوں نے اس علاقے کے عوام کو بھلا دیا ہے، انہیں کبھی آپ نے اس علاقے میں نہیں دیکھا ہوگا وہ راہ فرار اختیار کرچکے ہیں،لیکن پیپلزپارٹی قیادت کی ہدایت پر پی پی رہنما اور کارکنان آپکے درمیان موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں آپکا مقدمہ لڑوں گا پانی کا مسئلہ ہو یا کوئی بھی ترقیاتی مسئلہ، میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں اور ہمیشہ ساتھ رہونگا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کے خطاب کے دوران پارٹی کارکنان جئے بھٹو جئے شہید بی بی اور وزیراعظم بلاول بھٹو کے نعرے لگاتے رہے۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والے مختلف جماعتوں کے کارکنان و رہنماؤ ں نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے تشکر کا اظہار اور پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔