نئی دہلی: بھارتی اداکارہ کرینہ کپور اور فلم ہیرو سیف علی خان کے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے مابین گفتگو اور سوالات شروع ہوگئے کہ کیا کرینہ اور سیف اپنے دوسرے بیٹے کا نام فیض علی خان رکھیں گے؟
تفصیلات کے مطابق سیف علی خان کی خواہش تھی کہ ان کے پہلے بیٹے تیمور کا نام فیض علی خان رکھا جائے تاہم کرینہ کپور اس کیلئے راضی نہ ہوئیں۔ کرینہ نے مغل جنگجو امیر تیمور سے متاثر ہو کر بیٹے کا نام تیمور علی خان رکھ دیا۔
آج سیف علی خان اور کرینہ کپور کے مداح یہ جاننے کیلئے پرجوش ہیں کہ فلمی جوڑے کے دوسرے بیٹے کا نام کیا ہوگا؟ پہلے بیٹے کیلئے سیف نے بیوی کی خواہش کا احترام کیا تو کیا دوسرے بیٹے کیلئے کرینہ سیف کی خواہش کا احترام کریں گی؟
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز صبح کے وقت سیف علی خان اور کرینہ کے ہاں دوسرا بیٹا پیدا ہوا جبکہ تیمور علی خان کی عمر اس وقت 4 سال ہے۔ مداحوں نے کرینہ اور سیف کے نوزائدہ بچے کی تصاویر دیکھنے کیلئے کل سے ہی انتظار شروع کردیا۔
تصاویر کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین اور کرینہ سیف کی جوڑی کو پسند کرنے والے مداح ان کے دوسرے بیٹے کے نام کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔ سیف علی خان نے امیر تیمور سے متاثر ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیمور کا مطلب لوہا یا آئرن ہوتا ہے۔
سیف نے کہا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہمارا بیٹا آئرن مین بن کر اپنی زندگی کیلئے لڑے۔ کرینہ کپور کے مطابق سیف علی خان تیمور کی پیدائش سے قبل اس کا نام فیض رکھنے کی تجویز دے چکے تھے، سیف کے مطابق فیض بولنے میں اچھا، شاعرانہ اور رومانوی نام ہے۔
کرینہ کپور نے بیٹے کا نام تیمور رکھنے پر اصرار کیا اور بعد ازاں اپنے اس فیصلے پر فخر کا اظہار بھی کیا۔ آج کرینہ اور سیف کے مداح یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا سیف علی خان اپنے دوسرے بیٹے کا نام فیض علی خان رکھنا چاہیں گے؟َ تاحال دونوں فنکاروں نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: میرے جسم پر نہیں اصل مسائل پر توجہ دیں، آمنہ الیاس ناقدین پر برہم