اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے غیر ملکی سفارتکاروں کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے سے متعلق بھارت کے پروپیگنڈے اور بے بنیاد بیان بازی کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان سفارتکاروں کے دورے کے بارے میں مودی حکومت کی طرف سے دیا گیا بیان مسترد کرتا ہے۔ غیر ملکی سفارتکاروں کو بھارت نے منصوبہ بندی کے تحت جان بوجھ کر مقبوضہ وادی کے دورے پر بھیجا۔
بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ غیر ملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر میں مخصوص اور منتخب افراد سے ملاقات کرائی گئی، دورہ اس لیے کرایا گیا تاکہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹائی جاسکے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے نمائندے نے بھی بھارت کی ان کوششوں کو بے نقاب کردیا جو وہ آبادیاتی وجغرافیائی تناسب میں تبدیلی کیلئے کر رہا ہے۔انتخابات کے انعقاد سے متعلق ڈھونگ مظلوم کشمیریوں کے رائے شماری کے حق کو سبوتاژ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔
دفترِ خارجہ ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارت مقبوضہ وادی میں ترقی کا بے بنیاد راگ الاپ رہا ہے جو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم کوششوں کا حصہ ہے۔ عالمی برادری کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کے حل پر زور دینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: حلقہ این اے 221 تھرپارکر میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ شروع