وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارت کا جھنڈا لہرانے پر ایک شہری کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے قبضے سے بھارتی پرچم اور دستاویزات برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کا جھنڈا لہرانے والے شہری کو تھانہ کوہسار پولیس نے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا جبکہ ملزم ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی راولپنڈی کا رہائشی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے شہری کے قبضے سے بھارتی پرچم اور اہم دستاویزات برآمد کیں۔ ملزم کی شناخت پال ایلیاء کے نام سے ہوئی جس کے ساتھ ایک خاتون بھی موجود تھیں۔
ملزم کا کہنا ہے کہ لالہ زار کالونی میں واقع میرے گھر پر بااثر افراد نے قبضہ کر لیا ہے۔ انصاف نہ ملنے کے باعث میں دلبرداشتہ ہوگیا، اس لیے میں نے ایسا قدم اٹھایا۔
پولیس کو دئیے گئے بیان میں شہری پال ایلیاء کا کہنا تھا کہ ہمیں بااثر افراد قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور بااثر افراد کے قبضے سے نجات دلائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس پر 4 مسلح افراد کا حملہ، 2 اہلکار زخمی، ملزمان اسلحہ چھین کر فرار