کراچی: اداکارہ ایمن خان نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر فالوورز خریدنے کے الزام کو مسترد کردیا۔
حال ہی میں ایمن خان اپنے شوہر منیب بٹ کے ساتھ ”ٹائم آؤٹ ود احسن خان“ شو میں شریک ہوئیں۔ جہاں شو کے میزبان احسن خان نے ان سے انسٹاگرام فالوورز کے بارے میں سوال پوچھا۔
جس پر ایمن خان نے جواب دیا میرے انسٹاگرام فالوورز 100 فیصد اپنے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم لوگ اس بارے میں سوال کیوں پوچھتے ہیں۔ایمن خان نے مزید کہا میں نے انسٹاگرام اس وقت جوائن کیا جب بہت کم لوگ اس ایپ پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ میرے فالوورز آہستہ آہستہ بڑھتے گئے۔ میں نے کبھی منصوبہ بندی کے ساتھ انسٹا پر کوئی تصویر نہیں ڈالی،ایک وقت تھا جب میرے پاس پوسٹ کرنے کے لیے کچھ نہیں ہوتا تھا۔ میں اس وقت پوسٹ کرتی ہوں جب میرے پاس پوسٹ کرنے کے لیے کوئی اچھی تصویر ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ایمن خان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی دوسری اداکارہ ہیں جب کہ ان سے آگے اداکارہ عائزہ خان ہیں جن کے انسٹاپر 8.1 ملین یعنی 81 لاکھ فالوورز ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ ایمن خان کے فالوورز حقیقی نہیں ہیں بلکہ انہوں نے پیسے دے کر جعلی فالوورز خریدے ہیں۔صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایمن خان نے شوبز انڈسٹری میں کوئی خاص قابل ذکر کام نہیں کیا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد سے تو وہ کسی پراجیکٹ یا ڈرامے میں بھی نظر نہیں آئیں تو آخر ان کے فالوورز کی تعداد کیسے بڑھ رہی ہے؟ یقیناً انہوں نے پیسے دے کر فالورز خریدے ہیں۔