لاہور:پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی، پاکستان اور جنوبی افریقا کے فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پروٹیز کی جانب سے شاہینوں کو جیت کیلئے دیئے گئے 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے مطلوبہ اسکور19ویں اوور میں بنا لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے حیدر علی اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 51 رنز پر گری جس میں حیدر علی 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ 73 رنز پر گری اور محمد رضوان 42 رنز پر شمسی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد حسین طلعت آئے اور 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ کپتان بابر اعظم 44 رنز بنا کر پریٹوریئس کے ہاتھو آؤٹ ہوئے۔حسن علی نے شاندار چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جنہوں نے پاکستان کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ریزا ہنڈرکس اور جے جے سمٹس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور محمد نواز نے دونوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جس کے بعد تیسرے نمبر پر آنے والے وین بلجون بھی 16 رنز پر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد کلاسین آئے اور صفر پر پویلین لوٹ گئے جب کہ میلان 27 پر آؤٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اینڈیئل بھی صفر، ڈیوائن 9 اوربجورن 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی بالنگ سائیڈ میں زاہد محمود نے 3، محمد نواز اور حسن علی نے 2، 2 جب کہ عثمان قادر نے ایک وکٹیں حاصل کی۔