واشنگٹن ڈی سی: امریکی سینیٹ نے مواخذے کے مقدمے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بری کردیا ہے، ڈیموکریٹس ٹرمپ کو سزا دلانے میں ناکام رہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سزا سے بچ گئے ہیں۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹس سابق امریکی صدر کو سزا دلانے میں ناکام ہوگئے، امریکی سینیٹ نے دوسرے مواخذے کے مقدمے میں ٹرمپ کو بری کردیا جبکہ ٹرمپ کو سزا دینے کیلئے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت تھی۔
سزا سے بچنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا ردِ عمل بھی سامنے آگیا۔ سابق امریکی صدر نے کہا کہ انصاف کو سیاسی انتقام کا ذریعہ بنانا افسوسناک ہے۔ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بدنام اور بدعنوانوں کو معاف کرنے کے حق میں نہیں۔ آئین اور قانون کیلئے فخر کے ساتھ کھڑا ہونے والوں کا شکر گزار ہوں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل امریکی سینیٹ میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مواخذہ جاری رکھنے کی منظوری دے دی گئی جبکہ ٹرمپ کے وکلاء کا مؤقف مسترد کردیا گیا۔
امریکی سینیٹ میں ٹرمپ کا مواخذہ جاری رکھنے پر رائے شماری کے دوران 44 اراکین نے مواخذے کے مخالف جبکہ 56 نے ٹرائل کے حق میں ووٹ دے کر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے مشکلات میں اضافہ کردیا۔
مزید پڑھیں: سینیٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا مواخذہ جاری رکھنے کی منظوری دے دی گئی