اسلام آباد: دوست کے گھر میں چھپ کر اپنے اغواء کا ڈرامہ رچانے والے پیپلز یوتھ رہنما کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس سے سرکاری افسر کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی سازش بے نقاب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق فراڈ کیسز میں مبینہ طور پر ملوث پیپلز یوتھ آرگنائزیشن پنجاب کے نائب صدر شاہنواز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہنواز متعدد مقدمات میں اشتہاری ہے۔ شاہنواز نے ایک سرکاری آفیسر کو پھنسانے کیلئے اپنے اغواء کا ڈرامہ رچایا تھا۔
بعد ازاں ورثاء نے مقدمہ درج کرانے کیلئے متعلقہ پولیس افسران کو درخواست دے دی۔ گزشتہ روز ایس پی رورل کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر نے ملزم کو تلاش کرکے حسبِ ضابطہ گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شاہنواز شیشہ کیفے چلاتا ہے جو چھپا ہوا تھا اور اغواء کا ڈرامہ کر رہا تھا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ شاہنواز ایک سرکاری آفیسر پر ذاتی رنجش کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کروانا چاہتا تھا۔ ملزم شاہنواز نے اپنے اغواء کا ڈرامہ کرنے سے 4 روز قبل آئی جی کو درخواست دی کہ سابقہ اے سی رورل عبداللہ محمود اسے اغوا کرا کر رقم وصول کرچکا ہے۔
درخواست جمع کرانے کے 4 روز بعد ملزم شاہنواز کی اہلیہ نے بھی خاوند کے اغواء کی درخواست دی اور مؤقف اپنایا کہ 5 فروری کی صبح 5 بجے شاہنواز بحریہ ٹاؤن میں اپے ریسٹورنٹ سے نکلا جس کے بعد 6 سے 7 گاڑیاں اس کا پیچھا کرنے لگیں جن کے ذریعے مختلف افراد شاہنواز پر فائرنگ کرتے رہے۔
ملزم شاہنواز کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ 5 بج کر 30 منٹ پر شاہنواز کا موبائل فون بند ہوگیا تھا۔ ریسٹورنٹ کا منیجر اور اہلیہ ون فائیو پر کال کرتے رہے۔ تاہم پولیس نے گزشتہ روز 12 فروری کو خودساختہ اغواء کی گتھی سلجھا کر شاہنواز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باپ کا سوتیلے بہن بھائی پر آپس میں شادی کرنے کا الزام