راولپنڈی کی کمرشل مارکیٹ میں آتشزدگی کے بعد تاجر فیضان نے پراپرٹی ڈیلر مقصود پر دکان جلانے کا الزام عائد کیا ہے جس کے باعث 40 لاکھ روپے کا سامان جل گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں سٹیلائٹ ٹاؤن میں واقع کمرشل مارکیٹ میں تاجر کی دوکان کو آگ لگا کر جلانے کا الزام لگایا گیا۔محمد فیضان نامی تاجر کا کہنا ہے کہ میری دُکان پر آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی ہے۔
کمرشل مارکیٹ میں گارمنٹس کا کام کرنے والے تاجر فیضان نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں 10 سال سے کمرشل مارکیٹ سٹیلائٹ ٹاؤن میں ریڈی میڈ گارمنٹس کا کاروبار کر رہا ہوں جس کی دکان چوہدری مقصود سے حاصل کی تھی۔
متاثرہ تاجر فیضان نے کہا کہ چودھری مقصود ایک پراپرٹی ڈیلر ہے جسے ہر ماہ دکان کا کرایہ ادا کرتا ہوں۔ چودھری مقصود نے پلازے کی تمام دکانیں بیچ دی ہیں لیکن میری دکان اب تک نہیں بک سکی جبکہ میرے علاوہ پلازہ میں دیگر 3 دکاندار کاروبار کر رہے ہیں۔
تاجر فیضان نے کہا کہ 3، 4 روز قبل مقصود چوہدری نے میری دکان پر آ کر مجھ سے دکان خالی کرنے کا کہا اور 1 لاکھ روپے سیکیورٹی کی رقم واپس کرنے کے ساتھ ساتھ 3 ماہ کا کرایہ بھی معاف کرنے کی پیشکش کی، جسے میں نے مسترد کردیا۔
فیضان نے کہا کہ میں نے کاروبار پر بہت محنت کی ہے۔ چوہدری مقصود کا کہنا تھا کہ اگر دکان خالی نہ کی تو تمہارا نقصان تمہاری برداشت سے باہر ہوگا۔ آج صبح دکان پر آیا تو دیکھا کہ میری دکان کا 40 لاکھ روپے کا سامان جل کر راکھ ہوچکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ چوہدری مقصود نے بھتیجے دانش کے ساتھ مل کر رات کے وقت میری دکان کو آگ لگائی۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں بھی واضح ہوگیا کہ دکان پر آگ لگائی گئی ہے۔ صبح و شام تھانے کے چکر لگا رہا ہوں۔
پولیس کے رویے پر بھی متاثرہ تاجر نے تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ فیضان کا کہنا ہے کہ ایس ای او میری بات سننے کو تیار نہیں کیونکہ پراپرٹی ڈیلر مقصود بااثر ہے۔ متاثرہ تاجر نے حکامِ بالا سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین احتجاج پر لاٹھی چارج،اسلام آباد میدان جنگ بن گیا